منوج کمار، جنہیں دنیا ’بھارت کمار‘ کے نام سے جانتی ہے، نہ صرف بالی ووڈ کے چاکلیٹی ہیرو رہے بلکہ انہوں نے فلمی پردے پر حب الوطنی کو نئی زبان دی۔ ان کی پیدائش 24 جولائی 1937 کو ایبٹ آباد (اب پاکستان) میں ہوئی۔ تقسیم کے بعد ان کا خاندان راجستھان کے ہنومان گڑھ میں مہاجر کیمپوں میں مقیم ہوا، جہاں زندگی کی سختیوں نے ان کے مزاج میں حوصلہ، شرافت اور ہمدردی کی بنیاد رکھی۔
ان کا اصل نام ہری کرشن گوسوامی تھا لیکن فلمی دنیا میں وہ منوج کمار کے نام سے پہچانے گئے۔ ان کے والد پنڈت ہربنس لال گوسوامی اردو اور فارسی کے ماہر شاعر تھے، جن کی ادبی وراثت منوج کمار کی فنکارانہ تربیت میں واضح جھلکتی ہے۔ وہ نہ صرف اداکار تھے بلکہ ہدایت کار، اسکرپٹ رائٹر اور مکالمہ نگار بھی تھے اور سب سے بڑھ کر ایک شاندار انسان تھے۔