ویسٹ انڈیز کے خلاف شروع ہوئی ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ جیت کر آسٹریلیا نے ڈبلیو ٹی سی ٹورنامنٹ میں اپنی بہترین شروعات کر دی ہے۔ آسٹریلیائی کھلاڑی جہاں اس جیت کا جشن منا رہے ہیں، وہیں ویسٹ انڈیز کے کپتان جوسٹن چیز انتہائی مایوس اور غصے میں ہیں۔ ان کا غصہ امپائروں کے خلاف ہے۔ روسٹن کا ماننا ہے کہ امپائروں نے اس میچ میں کئی غلط فیصلے دیے، اور اس کے لیے امپائروں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔
قابل ذکر ہے کہ آسٹریلیا نے تیسرے دن یہ ٹیسٹ میچ 159 رنوں سے اپنے نام کر لیا۔ جیت کے لیے میزبان ویسٹ انڈیز کو 301 رنوں کی ضرورت تھی، جو وہ بنا نہیں پائی اور 141 رنوں پر ہی سمٹ گئی۔ اس شکست کے بعد روسٹن نے کہا کہ امپائروں نے اس میچ میں کئی غلط فیصلے کیے۔ انھوں نے کہا کہ غلط فیصلوں کے لیے امپائروں پرپنالٹی لگائی جانی چاہیے، کیونکہ ایک غلط فیصلہ کھلاڑی کے کیریر کو برباد کر سکتا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ جب کھلاڑی کچھ غلط کرتے ہیں تو ان کو سخت سزا دی جاتی ہے، اور ایسا ہی امپائروں کے ساتھ ہونا چاہیے۔
روسٹن چیز کا کہنا ہے کہ ’’امپائروں کو کچھ نہیں ہوتا۔ وہ غلط فیصلہ کرتے ہیں، سوال اٹھانے والا فیصلہ کرتے ہیں، پھر بھی کچھ نہیں ہوتا۔ آپ کھلاڑیوں کے کیریر کی بات کر رہے ہیں، ایک غلط فیصلہ کھلاڑی کے کیریر کو بنا اور مٹا سکتا ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ اس سلسلے میں سبھی کے لیے یکساں اصول ہونے چاہئیں۔ جب کھلاڑی حدود سے باہر جاتے ہیں تو ان کو سزا ملتی ہے، اور مجھے لگتا ہے کہ جب آپ کے خلاف کوئی غلط فیصلہ کیا جائے تو اس معاملے میں بھی پنالٹی ہونی چاہیے۔‘‘
واضح رہے کہ اس میچ میں 3 فیصلوں پر تنازعہ دیکھنے کو ملا ہے۔ میچ کے پہلے دن ٹی وی امپائر نے آسٹریلیائی بلے باز ٹریوس ہیڈ کو آؤٹ نہیں دیا، کیونکہ ان کے پاس پختہ ثبوت نہیں تھے۔ دوسرے دن روسٹن چیز کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ دیا گیا، جبکہ کیمرہ میں بلّے کا کنارہ لگتا ہوا صاف دکھائی دے رہا تھا۔ تیسرا فیصلہ شائی ہوپ سے جڑا ہوا تھا، انھیں تب آؤٹ دے دیا گیا جب وکٹ کیپر ایلیکس کیری نے کافی نیچا کیچ لیا۔ اس کیچ کو دیکھ کر لگ رہا تھا کہ گیند زمین پر بھی لگی ہے۔ ویسٹ انڈیز ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈیرین سیمی نے اس سلسلے میں میچ ریفری جواگل سری ناتھ سے بات بھی کی تھی اور اپنی فکر کا اظہار کیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔