پنجاب کے ہوشیار پور کے تحت دسوہا میں ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا ہے۔ یہاں مسافروں سے بھری ایک بس اُلٹ گئی جس میں 7 لوگوں کی موت ہو گئی۔ وہیں 24 سے زیادہ افراد زخمی ہو گئے ہیں جنہیں دسوہا کے سول اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ پرائیویٹ کمپنی کرتار بس کی یہ منی بس تلواڑا دسوہا روڈ پر جا رہی تھی۔
اطلاع کے مطابق دسوہا-حاجی پور روڈ کے نزدیک سگرہ اڈا کے قریب صبح ایک بس بیچ سڑک پر الٹ گئی۔ اس سے مسافروں میں چیخ و پکار مچ گئی۔ آس پاس کے لوگوں نے پولیس اور ایمبولنس کو حادثے کی اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور انتظامیہ کے افسران جائے حادثہ پر پہنچے اور موقع پر راحت و بچاؤ کام شروع کیا۔ زخمیوں کو مقامی اسپتال میں پہنچایا گیا، جہاں کئی کی حالت نازک بنی ہوئی ہے اور انہیں بہتر علاج کے لیے دوسرے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق بس کافی تیز رفتار تھی اور سامنے سے آ رہی ایک کار سے ٹکرا گئی جس سے بس الٹ گئی۔ حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ بس کے پلٹتے ہی موقع پر چیخ و پکار مچ گئی۔ مقامی لوگوں نے بغیر تاخیر کیے راحت و بچاؤ شروع کیا اور پولیس کو اس کی اطلاع دی۔
مکیریاں کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کلوندر سنگھ ورک نے بتایا کہ قریب 40 مسافروں کو لے کر بس حاجی پور سے دسوہا جا رہی تھی، تبھی اچانک گاڑی پر سے ڈرائیور کا توازن بگڑ گیا۔ پولیس نے بتایا کہ زخمیوں کو دسوہا کے سول اسپتال میں بھرتی کرایا گیا ہے۔ ورک کے مطابق حادثہ کی وجوہات کا ابھی پتہ نہیں چل پایا ہے۔ ویسے انتظامیہ نے اس حادثے کی جانچ شروع کر دی ہے۔ ابتدائی جانچ میں بس کے تیز رفتار ہونے اور ڈرائیور کی لاپروائی کی بات سامنے آ رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔