
وائناڈ سے کانگریس کی رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی واڈرا نے ایک بار پھر مقامی کسانوں کے مسائل پر توجہ دلائی ہے۔ انہوں نے منگل کو ایک ویڈیو سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ وائناڈ کے کسان نہ صرف دنیا کی بہترین کافی اگاتے ہیں بلکہ وہ اپنی محنت اور جدت کے ذریعے دیہی معیشت میں نئی روح پھونک رہے ہیں۔
پرینکا گاندھی نے اپنی پوسٹ میں لکھا، ’’وائناڈ کے پُرعزم اور کامیاب کافی کسانوں سے ملاقات نہایت دلچسپ رہی۔ یہاں کافی کی بے شمار اقسام اگائی جا رہی ہیں اور کسان اپنی محنت سے کامیابی حاصل کر رہے ہیں۔ تاہم اب بھی کافی کاشت کاروں کو کئی طرح کی مشکلات کا سامنا ہے، جن میں سے چند معاملات میں نے متعلقہ وزارتوں سے اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔‘‘





