
نئی دہلی: پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس پیر (یکم دسمبر) سے شروع ہوگا جو کہ 19 دسمبر تک جاری رہے گا۔ اجلاس سے ایک روز قبل آج متعدد اہم ملاقاتیں اور مشاورتی سرگرمیاں جاری رہیں۔ اسی سلسلے میں مرکزی حکومت نے ایک کل جماعتی اجلاس طلب کیا، جس میں حزب اقتدار اور حزب اختلاف کے لیڈران نے تقریباً دو گھنٹے تک مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
کل جماعتی اجلاس کے بعد مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور کرن رجیجو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی جماعت نے یہ نہیں کہا کہ پارلیمنٹ نہیں چلے گی یا کارروائی کو روکنے کی کوشش کی جائے گی۔ تاہم، بعض اپوزیشن لیڈران نے اس امکان کا اظہار کیا کہ وہ ایس آئی آر کے معاملے پر ایوان میں شدید احتجاج کر سکتے ہیں۔






