نئی دہلی: بہار میں ووٹر لسٹ کی خصوصی نظر ثانی (ایس آئی آر) اور ’ووٹ چوری‘ کے الزامات پر اپوزیشن جماعتوں کے ہنگامے نے جمعہ کو پارلیمنٹ کی کارروائی کو مکمل طور پر مفلوج کر دیا۔ دونوں ایوانوں میں زبردست شوروغل کے باعث کام کاج نہ ہو سکا اور بالآخر لوک سبھا اور راجیہ سبھا کو پیر تک ملتوی کر دیا گیا۔
خیال رہے کہ کل یعنی جمعرات کو لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے پریس کانفرنس میں الزام لگایا تھا کہ بی جے پی اور الیکشن کمیشن نے ووٹ چوری کی ہے اور کرناٹک کی ایک اسمبلی سیٹ میں ایک لاکھ جعلی ووٹ درج ہیں۔ اسی الزام کو بنیاد بنا کر انڈیا بلاک کے ارکان پارلیمنٹ نے جمعہ کو ایوان کے اندر اور باہر احتجاج کیا۔ کانگریس کے رکن مانیکم ٹیگور نے بھی ایوان میں التوا کا نوٹس دے کر یہ دعویٰ دہرایا اور معاملے پر فوری بحث کا مطالبہ کیا۔