کیرالہ کے وڈاکارا سے 6 بار کے رکن پارلیمنٹ اور سابق مرکزی وزیر کے پی انی کرشنن کا 89 سال کی عمر میں منگل کو انتقال ہو گیا۔ ان کی موت کے ساتھ ہی 3 دہائیوں سے زیادہ پر محیط ان کے سیاسی کیریئر کا اختتام ہو گیا۔ کے پی انی کرشنن 20 ستمبر 1936 کو مالابار ساحل کے ایک خاندان میں پیدا ہوئے تھے۔ وہ ای کنہی کنن کے بیٹے تھے۔
انی کرشنن نے چنئی کے ’مدراس کرسچن کالج‘ سے تعلیم حاصل کی اور بعد میں وہیں سے قانون کی ڈگری مکمل کی۔ 1960 کی دہائی میں انڈین نیشنل کانگریس میں شامل ہونے سے قبل سوشلسٹ پارٹی اور پرجا سوشلسٹ پارٹی سے وابستہ رہے۔ 1962 تک وہ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے رکن بن چکے تھے۔ کل وقتی سیاست میں آنے سے قبل انی کرشنن نے صحافی کے طور پر بھی کام کیا، ’ماتربھومی‘ اور دیگر جرائد میں خصوصی نامہ نگار کے طور پر مضامین لکھے۔
کانگریس نے 1971 میں وڈاکارا پارلیمانی حلقہ سے انی کرشنن کو پہلی بار انتخابی میدان میں اتارا۔ انی کرشنن نے مسلسل 6 لوک سبھا انتخاب میں کامیابی حاصل کی۔ وہ 1971، 1977، 1980، 1984، 1989 اور 1991 میں واڈکارا سے جیت حاصل کر کے پارلیمنٹ پہنچے۔ واڈکارا کے عوام سے ان کا گہرا لگاؤ رہا۔
1980 میں انی کرشنن آل انڈیا کانگریس کا دامن چھوڑ کر کانگریس (یو) میں شامل ہو گئے اور بعد میں 1984 میں انڈین کانگریس (سوشلسٹ) میں شامل ہو گئے۔ وڈاکارا سے ان کو 1996 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ واضح رہے کہ 1981 سے 1984 کے درمیان انہوں نے پارلیمنٹ میں کانگریس (سیکولر) کے لیڈر کے طور پر خدمات انجام دیں اور 1980 سے 1982 تک وہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے رکن رہے۔
انی کرشنن نے (90-1989) میں وی پی سنگھ کی کابینہ میں مواصلات، جہاز رانی اور زمینی نقل و حمل کے وزیر رہے۔ اپنی وزارتی مدت کے دوران انہوں نے خلیجی جنگ کے بحران کے دوران ہندوستانیوں کو واپس لانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ 1996 میں اپنی شکست کے بعد وہ فعال سیاست سے دور ہو گئے۔ انہوں نے اپنا وقت نئی دہلی اور کوزیکوڈ ضلع کے پنیانکارا میں واقع اپنے آبائی گھر میں گزارا اور پڑھنے لکھنے میں اپنا وقت صرف کیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔



































