
انہوں نے مزید کہا کہ ’’نوجوان طبقہ روزگار کی کمی سے پریشان ہے اور وہ اب تبدیلی کا عزم لے کر میدان میں ہے۔ یہ نوجوانوں کا انتخاب ہے، جو اپنے مستقبل کے لیے ووٹ دے رہے ہیں۔‘‘ میسا بھارتی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا، ’’اس بار ووٹنگ سرکاری نوکری اور روزگار کے لیے، اس بار ووٹنگ نئے بہار کے لیے۔‘‘
لالو یادو کی دوسری بیٹی روہنی آچاریہ نے بھی ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا، ’’بدلے گا بہار، بدلے گی سرکار۔ بہار کی باشعور عوام سے درخواست ہے کہ وہ آر جے ڈی مہاگٹھ بندھن اور انڈیا اتحاد کے امیدواروں کے حق میں ووٹ کریں تاکہ پڑھائی، کمائی، دوائی، سنوائی اور کارروائی والی تیجسوی حکومت قائم ہو سکے۔‘‘
ایک اور پوسٹ میں روہنی نے اس انتخاب کو ’دھرم یُدھ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’یہ عوام کا نتیش حکومت کے خلاف فیصلہ کن معرکہ ہے۔ یہ جنگ سچ کی ہے، اور جیت سچ کی ہی ہوگی۔‘‘






