پٹنہ: بہار اسمبلی انتخابات سے قبل ووٹر لسٹ کی نظرثانی کو لے کر سیاسی تنازعہ شدت اختیار کر گیا ہے۔ ریاستی کانگریس کے صدر راجیش رام نے انتخابی کمیشن کی اس مہم پر سخت سوالات اٹھاتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ یہ عمل دراصل بی جے پی کو سیاسی فائدہ پہنچانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔
آئی اے این ایس سے خصوصی گفتگو میں راجیش رام نے کہا کہ صرف چند ہفتوں میں آٹھ کروڑ ووٹروں کی تصدیق اور نظرثانی ممکن ہی نہیں۔ ان کے مطابق اس جلد بازی کے نتیجے میں کروڑوں غریب، پسماندہ اور ملک کے مختلف حصوں میں کام کرنے والے مہاجر ووٹرز اپنے حق رائے دہی سے محروم رہ جائیں گے۔