کانگریس کے رہنما اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ کے دوران حال ہی میں بہار کے اونگ آباد میں طلبا اور نوجوانوں سے ملاقات کی، جس میں نوجوانوں نے اپنے مسائل کھل کر بیان کیے اور حکومت پر سنگین سوالات اٹھائے۔ راہل گاندھی نے آج اس ملاقات کی ویڈیو جاری کی ہے، جس میں انہوں نے طلبا کی شکایات سننے کے دوران بی جے پی-جے ڈی یو حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ عوامی مسائل کو نظرانداز کر کے صرف ووٹ چوری پر توجہ دی جا رہی ہے۔
راہل گاندھی نے اپنی ایکس پوسٹ میں لکھا، ’’جو حکومت ووٹ چوری سے بنی ہو، کیا اس کا مقصد عوام کی خدمت ہو سکتا ہے؟ نہیں!‘‘ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو عوام کے ووٹ کی ضرورت ہی نہیں رہی، اسی لیے وہ نوجوانوں، کسانوں اور عام شہریوں کی مشکلات پر کوئی توجہ نہیں دیتی۔ ان کا کہنا تھا کہ صاف اور درست ووٹر لسٹ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کی بنیاد ہے، لہٰذا عوام کو اپنے حقِ رائے دہی کو ہر حال میں محفوظ رکھنا ہوگا۔