عام آدمی پارٹی (عآپ) گجرات کی وساوَدَر اسمبلی سیٹ پر ہوئے ضمنی انتخاب میں جیت کا جشن منا رہی ہے۔ اس درمیان اسے تب شدید جھٹکا لگا جب بوٹاد سیٹ سے عآپ رکن اسمبلی امیش مکوانا نے پارٹی میں اپنے سبھی عہدوں سے استعفیٰ دے دیا۔ یعنی گجرات میں وساوَدر اسمبلی سیٹ پر ملی جیت کے بعد عآپ کے حصے میں جو مجموعی طور پر 2 سیٹیں ہو گئی تھیں، بوٹاد سیٹ سے رکن اسمبلی امیش کے استعفیٰ کی صورت میں پھر یہ تعداد 1 ہو گئی ہے۔
امیش مکوانا نے26 جون کو پارٹی میں اپنے سبھی عہدوں سے استعفیٰ دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ پارٹی کے ساتھ جڑے رہیں گے اور کارکن کی شکل میں کام کرتے رہیں گے۔ حالانکہ عآپ کی طرف سے انھیں پارٹی مخالف سرگرمیوں کے سبب پارٹی سے ہی معطل کر دیا گیا ہے۔ گجرات میں عآپ کے ریاستی صدر اسودان گڑھوی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا ہے کہ ’’امیش مکوانا کو پارٹی سے معطل کر دیا گیا ہے۔ انھیں پارٹی مخالف اور گجرات مخالف سرگرمیوں میں ملوث رہنے کے سبب 5 سالوں کے لیے پارٹی سے نکال دیا گیا ہے۔‘‘
بہرحال، عآپ کے قومی کنوینر اروند کیجریوال کو بھیجے گئے اپنے استعفیٰ میں بوٹاد کے رکن اسمبلی امیش مکوانا نے کہا کہ وہ سماجی کاموں میں کم وقت دے پا رہے ہیں، ایسے میں وہ پارٹی سے جڑے تمام عہدوں سے استعفیٰ دے رہے ہیں۔ انھوں نے اپنے استعفیٰ میں لکھا ہے کہ ’’میں عآپ میں قومی جوائنٹ سکریٹری کے عہدہ پر گزشتہ 2.5 سال سے کام کر رہا ہوں۔ ساتھ ہی گجرات اسمبلی میں عآپ کے خادم کے طور پر بھی خدمت کر رہا ہوں، لیکن میری سماجی خدمات کم ہونے کی وجہ سے عآپ کے تمام عہدوں سے استعفیٰ دے رہا ہوں۔‘‘ انھوں نے مزید لکھا ہے کہ ’’میں ایک کارکن کی شکل میں پارٹی کے لیے کام کرتا رہوں گا۔ مجھے میرے سبھی عہدوں سے اور ذمہ داری سے آزاد کیا جائے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔