
بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار بلاشبہ ’وکاس پرش‘ ہیں اور ان کی شبیہ بھی اچھی ہے، لیکن ادھر چند مہینوں سے عوامی جلسوں اور تقریبات کے دوران وہ مضحکہ خیز حرکتیں کرنے لگے ہیں۔ اس وجہ سے ان کی شبیہ داؤ پر لگ گئی ہے اور ان کے ذہنی توازن پر بھی سوال اٹھنے لگے ہیں۔
ابھی کل یعنی 15 دسمبر کی ہی بات ہے، پٹنہ میں ایک سرکاری تقریب میں وہ آیوش ڈاکٹروں کو تقرر نامہ تقسیم کر رہے تھے۔ اسی دوران ایک مسلم خاتون ڈاکٹر کو تقرر نامہ لینے کے لئے بلایا گیا۔ وہ آئی تو اسے حجاب میں دیکھ کر نتیش کمار برہم ہو گئے اور غصے میں انہوں نے اس کے حجاب کو کھینچ کر ہٹا دیا۔ چونکہ یہ پروگرام لائیو ہو رہا تھا اس لئے اس کا ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گیا۔ وزیر اعلیٰ کی اس نازیبا حرکت کی مذمت کی جانے لگی۔ تقریب میں موجود سبھی افسر بھی حواس باختہ ہو گئے۔ ان کی سمجھ میں کچھ بھی نہیں آیا۔





