
امریکی ریاست ورجینیا میں ڈیموکریٹ پارٹی کی امیدوار غزالہ ہاشمی نے منگل کو تاریخ رقم کر دی، جب انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر کا انتخاب جیت کر ایسا کرنے والی ریاست کی پہلی ہندوستانی نژاد اور مسلم خاتون ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ ہاشمی نے ریپبلکن امیدوار جان ریڈ، جو رچمنڈ کے معروف نشریاتی تجزیہ کار ہیں، کو شکست دی۔
غزالہ ہاشمی اس وقت ریاستی سینیٹ کی رکن ہیں اور رچمنڈ کے جنوب میں واقع ضلع کی نمائندگی کرتی ہیں۔ انہوں نے 2019 میں پہلی مرتبہ ریپبلکن پارٹی کا گڑھ سمجھے جانے والے حلقے سے کامیابی حاصل کر کے سیاست میں نمایاں مقام بنایا۔ ان کی تازہ جیت نہ صرف ذاتی کامیابی ہے بلکہ ورجینیا میں بدلتے ہوئے سیاسی رجحان کی علامت بھی سمجھی جا رہی ہے۔






