یمن میں ہندوستان کی نرس نمیشا پریہ کو پھانسی سے بچانے کے لیے آخری داؤ لگایا گیا ہے۔ اس کے ذریعہ نمیشا کے کنبہ کو ابدو مہدی کنبہ کو 1 ملین ڈالر (قریب 85 لاکھ روپے) دینے کی پیشکش کی گئی ہے۔ دراصل نمیشا کو ابدو کے ہی قتل معاملے میں پھانسی پر چڑھانے کی سزا سنائی گئی ہے۔
یمن کے قانون کے مطابق اگر ابدو کا کنبہ ’بلڈ منی‘ لے کر مان جاتا ہے تو نمیشا کو پھانسی پر نہیں چڑھایا جائے گا۔ نمیشا کی ماں کو امید ہے کہ ابدو مہدی کا کنبہ بلڈ منی لے کر مان جائے گا۔ یمن کی عدالت نے مہدی قتل معاملے میں نمیشا کو 16 جولائی کو پھانسی دینے کا فیصلہ سنایا ہے۔ عدالت کے مطابق نمیشا اپنے پارٹنر مہدی کو مارنے میں سیدھے طور پر شامل تھی، اس لیے اسے پھانسی کی سزا سنائی گئی ہے۔
یعنی 16 جولائی سے پہلے اگر ’بلڈ منی‘ پر بات نہیں بنتی ہے تو نمیشا کو پھانسی مقرر کر دی جائے گی۔ نمیشا کو بچانے کے لیے ان کی ماں کیرالہ سے وہیں پر ڈیرہ ڈالے ہوئی ہیں۔ نمیشا کو بچانے کے لیے ایک گروپ بھی یمن میں تیار کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 2008 میں کیرالہ سے نرس کی نوکری کرنے یمن گئی نمیشا کو 2017 میں گرفتار کیا گیا تھا۔ اسی سال مہدی کا قتل ہوا تھا اور اس کی لاش برآمد کی گئی تھی۔ پولیس کے مطابق نمیشا نے ڈرگس دے کر مہدی کا قتل کر دیا اور پھر اس کی لاش کو پانی کی ٹنکی میں ڈال دیا۔
نمیشا کے وکیل کے مطابق مہدی اس کا بزنس پارٹنر تھا اور ایک دن اس نے اچانک اس کے ساتھ جسمانی بدسلوکی کی۔ پاسپورٹ چھین لیا اور اسے بندوق دکھا کر دھمکی دی۔ پاسپورٹ واپس لینے کے لیے نمیشا نے اسے بیہوشی کا انجکشن لگایا لیکن وہ اوور ڈوز ہو گیا۔
نمیشا کی ماں نے ایک انٹرویو میں بتایا ہے کہ مقدمہ لڑنے میں اس کا پورا گھر فروخت ہو گیا ہے، اب نمیشا کو بچانے کے لیے کراؤڈ فنڈنگ کا سہارا لیا جا رہا ہے۔ بلڈ منی کے لیے جیسے ہی مہدی کا کنبہ راضی جاتا ہے، ویسے ہی اسے پیسے دے دیئے جائیں گے۔ حالانکہ اب سب کچھ مہدی کے کنبہ کے ہاتھ میں ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔