اتراکھنڈ کے سیلاکوئی علاقہ میں تریپورہ کے طالب علم اینجل چکما کی ماب لنچنگ کے معاملہ پر لوک سبھا میں حزب اختلاف کے رہنما راہل گاندھی کا ردعمل سامنے آیا ہے۔ کانگریس لیڈر نے اس واقعہ کو خوفناک نفرت انگیز جرم قرار دیا ہے۔ راہل گاندھی نے اس تعلق سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کر کہا کہ ہمیں ایک ایسا مردہ سماج نہیں بننا چاہیے جو ہم وطنوں کو نشانہ بنائے جانے پر آنکھیں موند لیں۔ اس طرح کے واقعات اس نفرت کا نتیجہ ہیں، جو روزانہ نوجوانوں کے درمیان پھیلائی جا رہی ہیں۔
راہل گاندھی کا کہنا ہے کہ ’’دہرادون میں اینجل چکما اور ان کے بھائی مائیکل کے ساتھ جو ہوا، وہ ایک خوفناک نفرت انگیز جرم ہے۔ نفرت راتوں رات پیدا نہیں ہوتی ہے۔ اسے روزانہ خاص طور سے ہمارے نوجوانوں کو زہریلے مواد اور غیر ذمہ دارانہ بحث کے ذریعہ سے پروسا جا رہا ہے۔ حکمراں جماعت بی جے پی کی نفرت پھیلانے والی قیادت کے ذریعہ اسے بہت عام بنا دیا گیا ہے۔‘‘
راہل گاندھی نے مزید کہا کہ ’’ہندوستان کی تعمیر عزت اور اتحاد کی بنیاد پر ہے نہ کہ خوف و زیادتی کی بنیاد پر۔ ہمارا ملک محبت اور تنوع والا ہے۔ ہمیں ایک مردہ سماج نہیں بننا چاہیے جو ساتھی ہندوستانی شہریوں کو نشانہ بنائے جانے پر آنکھیں موند لیں۔ ہمیں خود کا جائزہ لینا چاہیے اور یہ سمجھنا چاہیے کہ ہم اپنے ملک کو کس جانب جانے دے رہے ہیں۔‘‘
راہل گاندھی نے لکھا کہ ’’میری تعزیت چکما خاندان، تریپورہ اور شمال مشرق لوگوں کے ساتھ ہیں۔ ہمیں آپ کو اپنے اپنے ہندوستانی بھائی-بہن کہنے پر فخر ہے۔‘‘ واضح رہے کہ تریپورہ کے 24 سالہ ایم بی اے طالب علم ایجنل چکما پر کینٹین میں نسلی حملہ کیا گیا۔ اسپتال میں 17 دنوں تک علاج چلنے کے بعد اس کی موت ہو گئی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔



































