
مینا کماری کا اصل نام ماہ جبیں تھا، جو یکم اگست 1932 کو ممبئی کے ایک متوسط مسلم گھرانے میں پیدا ہوئیں۔ پیدائش کے فوراً بعد والد کا یتیم خانے چھوڑ آنا اور پھر ماں کی منتوں پر واپسی، یہ واقعہ ہی شاید ان کی پوری زندگی کا ایک استعارہ بن گیا – قبولیت کی جدوجہد۔ ان کا بچپن بھی فلمی دنیا میں بطور چائلڈ آرٹسٹ گزر گیا، جس نے انہیں معصومیت کی عمر میں ہی بالغ فکر اور تنہائی کا ذائقہ چکھا دیا۔
ان کی زندگی کا ایک اور کڑا موڑ کمال امروہی کے ساتھ شادی تھی۔ ایک طرف ایک عظیم فلم ساز، دوسری طرف ایک حساس فنکارہ- لیکن یہ رشتہ نہ سمجھ باندھ پایا، نہ جذبات کا سہارا دے سکا۔ ان کی ازدواجی زندگی میں دراڑ پڑ گئی اور وہ علیحدہ ہو گئے لیکن حیرت کی بات یہ ہے کہ علیحدگی کے باوجود انہوں نے فلم پاکیزہ کی شوٹنگ مکمل کی، کیونکہ ان کے الفاظ میں ’ایسی فلمیں بار بار نہیں ملتیں۔‘






