
راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں لکھا، ’’مہاراشٹر کے ستارا میں عصمت دری اور ہراسانی سے تنگ آ کر ایک خاتون ڈاکٹر نے خودکشی کر لی۔ یہ کسی بھی مہذب سماج کی روح کو جھنجھوڑ دینے والا واقعہ ہے۔ ایک ہونہار ڈاکٹر بیٹی، جو دوسروں کو زندگی دینے کا عزم رکھتی تھی، اسی نظام کے ہاتھوں جان گنوا بیٹھی جو اسے انصاف دینے والا تھا۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ جسے عوام کے تحفظ کی ذمہ داری دی گئی تھی، اسی نے اس معصوم کے ساتھ بدترین جرم کیا۔ رپورٹوں کے مطابق خاتون نے اپنے سوسائڈ نوٹ میں ایک پولیس سب انسپکٹر، گوپال بدنے، پر جنسی زیادتی کا الزام عائد کیا ہے۔ اس کے علاوہ اس نے اپنے مکان مالک کے بیٹے پر بھی ذہنی اذیت اور ہراسانی کا الزام لگایا ہے۔





