
ممبئی: مہاراشٹر حکومت نے ریاست میں مختلف سماجی تحریکوں کے دوران درج مقدمات کے حوالے سے اہم فیصلہ کیا ہے۔ ریاست کے وزیر برائے ثقافتی امور اور کابینی ذیلی کمیٹی کے سربراہ آشیش شیلار نے پیر کو اعلان کیا کہ کل 201 درخواستوں میں سے 77 کارکنوں کے خلاف درج مقدمات واپس لینے کی سفارش کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے یہ قدم اس لیے اٹھایا ہے کیونکہ کئی سماجی کارکنوں، سیاسی جماعتوں کے کارکنوں، مظاہرین اور نظریاتی تحریکوں میں شامل افراد کے خلاف محض احتجاج یا شرکت کی بنیاد پر غیر ضروری مقدمات درج کر دیے گئے تھے۔ ان کے مطابق، ایسے مقدمات میں کوئی مضبوط قانونی بنیاد موجود نہیں تھی اور اس وجہ سے ان لوگوں کو عدالتوں کے چکر کاٹنے پر مجبور ہونا پڑ رہا تھا۔






