
ممبئی: مہاراشٹر کی سیاست میں بلدیاتی انتخابات کے آغاز سے قبل ہی ایک نیا اور غیر معمولی رجحان بحث کا موضوع بنا ہوا ہے۔ مخالفین کے مطابق ’ووٹ چوری‘ کے بعد اب ’امیدوار چوری‘ کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں- کانگریس، این سی پی (ایس پی) اور شیو سینا (یو بی ٹی) کا الزام ہے کہ بی جے پی اور اس کی اتحادی جماعتیں دباؤ، دھمکی، مشنری کے غلط استعمال اور مالی لالچ کے ذریعے اپوزیشن امیدواروں کو دستبردار ہونے پر مجبور کر رہی ہیں، جس کے نتیجے میں بی جے پی کے امیدوار بڑی تعداد میں بلامقابلہ منتخب ہو رہے ہیں۔
ریاست میں 2 دسمبر کو 246 نگر پریشد اور 42 نگر پنچایت کے انتخابات ہونے ہیں، جبکہ 3 دسمبر کو نتائج کا اعلان متوقع ہے لیکن اس سے قبل ہی بی جے پی نے دعویٰ کیا ہے کہ اسے 100 کونسلروں کی نشستوں پر بلامقابلہ کامیابی حاصل ہو چکی ہے۔





