
ریاست بھر میں مجموعی طور پر 893 بلدیاتی اداروں کے 2,869 وارڈوں میں انتخابات کرائے گئے، جہاں 15,931 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ آج ہونے جا رہا ہے۔ ریاستی الیکشن کمیشن کے مطابق ان 29 عظیم تر بلدیات میں کل 3 کروڑ 48 لاکھ ووٹر رجسٹرڈ تھے۔ ووٹنگ کے دوران مجموعی طور پر 46 سے 50 فیصد کے درمیان رائے دہی درج کی گئی، تاہم بڑے شہروں میں ووٹنگ کا تناسب نسبتاً کم رہا۔
ممبئی، پونے، ناگپور، چھترپتی سمبھاجی نگر اور ناسک جیسے شہروں میں ووٹنگ فیصد چالیس کے آس پاس رہا، جو شہری علاقوں میں ووٹر بے رغبتی کی ایک بار پھر نشاندہی کرتا ہے۔ اس کے باوجود سیاسی جماعتوں کو امید ہے کہ نتائج میں عوامی رجحانات واضح طور پر سامنے آئیں گے۔






