ہندوستانی فلمی دنیا میں مکیش کا نام ایسے گلوکار کے طور پر لیا جاتا ہے جنہوں نے اپنی درد بھری آواز اور سادہ دل شخصیت سے لاکھوں دل جیتے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ مکیش کی پہلی خواہش اداکار بننے کی تھی لیکن قسمت نے انہیں پلے بیک سنگنگ کا بے تاج بادشاہ بنا دیا۔
مکیش چند ماتھر 22 جولائی 1923 کو دہلی میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد لالہ زورآور چند ماتھر انجینئر تھے اور چاہتے تھے کہ بیٹا بھی اسی پیشے کو اپنائے۔ مگر مکیش کے دل میں بچپن سے ہی موسیقی اور اداکاری کا خواب پل رہا تھا۔ وہ اُس زمانے کے مشہور گلوکار و اداکار کندن لال سہگل کے دلدادہ تھے اور اکثر سہگل کے انداز میں گیت گایا کرتے تھے۔