عالمی بینک کی ایک رپورٹ سامنے آئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ہندوستان میں ہر 4 میں سے ایک شخص معاشی طور سے عام زندگی جینے سے قاصر ہے۔ یعنی ملک میں عوام کی معاشی حالت فکر انگیز ہے۔ اس رپورٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے کانگریس نے مرکز کی مودی حکومت کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ کانگریس نے کہا ہے کہ ’’مودی حکومت نے ملک کو غریبی میں دھکیل دیا ہے۔ ہر 4 میں سے 1 شخص کے پاس مقوی کھانا، گھر، صحت اور تعلیم جیسی سہولیات نہیں۔‘‘
یہ حملہ کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کیا ہے۔ ویڈیو گرافکس کے ذریعہ کانگریس نے عالمی بینک کے ذریعہ پیش کردہ حقائق کو بھی سامنے رکھا ہے، اور ساتھ ہی مودی حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ عوام کو غریبی کے دلدل میں دھکیل کر اپنے ’امیر متروں‘ کو فائدہ پہنچا رہے ہیں۔
ایک دیگر سوشل میڈیا پوسٹ میں کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’ہندوستان میں ہر 4 میں سے ایک شخص معاشی طور سے عام زندگی نہیں گزار پا رہا ہے۔ یہ عالمی بینک کا کہنا ہے۔ عالمی بینک کے مطابق ہندوستان میں 35 کروڑ سے زیادہ لوگ با عزت زندگی نہیں گزار پا رہے ہیں۔ یعنی ان 35 کروڑ لوگوں کو مقوی کھانا، گھر، طبی خدمات اور تعلیم جیسی ضروری سہولیات نہیں مل پاتیں۔‘‘ اس پوسٹ میں کانگریس نے یو پی اے حکومت کی تعریف بھی کی ہے۔ پارٹی نے لکھا ہے کہ ’’کانگریس نے 10 سال (2004 سے 2014) میں ملک کے 27 کروڑ لوگوں کو غریبی سے باہر نکالا تھا، لیکن آج مودی حکومت نے ایسے حالات بنا دیے ہیں کہ لوگ غریبی اور غربت میں جینے کو مجبور ہیں۔‘‘ آخر میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ ’’نریندر مودی نے لوگوں کو غریبی کے دلدل میں دھکیل دیا ہے اور خود اپنے ’امیر متر‘ کے ساتھ مہنگا مشروم کھا رہے ہیں، موج اڑا رہے ہیں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔