مودی اگلے ماہ امریکا میں صدر ٹرمپ سے ملاقات کرسکتے ہیں، بھارتی اخبار کی رپورٹ – World

AhmadJunaidJ&K News urduAugust 13, 2025370 Views



بھارتی اخبار کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اگلے ماہ امریکا میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کر سکتے ہیں۔

بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس نے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اگلے ماہ امریکا کے دورے کے دوران صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کر سکتے ہیں، یہ دورہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے ہوگا۔

بھارتی وزارتِ خارجہ نے اس پر فوری طور پر کوئی ردعمل نہیں دیا، تاہم معاملے سے باخبر ایک بھارتی اہلکار نے بتایا کہ ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا اور عام طور پر ممالک جنرل اسمبلی کے جنرل مباحثے کے لیے پہلے سے وقت مختص کر لیتے ہیں، اسی لیے بھارتی حکومت کے سربراہ کا نام 26 ستمبر کے لیے مقررہ فہرست میں پہلے سے شامل ہے۔

اہلکار نے مزید کہا کہ اس فہرست میں تبدیلی ہوتی رہتی ہے اور اس حوالے سے ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا کہ مودی اجلاس میں شرکت کریں گے یا نہیں۔

جنرل اسمبلی 9 ستمبر سے شروع ہوگی تاہم سالانہ اجلاس میں سربراہانِ مملکت و حکومت کا مباحثہ 23 سے 29 ستمبر تک ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق اگرچہ دورے کی بنیادی وجہ نیویارک میں اقوام متحدہ کا اجلاس ہوگا، لیکن ایک اہم مقصد صدر ٹرمپ سے بات چیت کرنا اور تجارتی و ٹیرف کے تنازعات کو حل کرنا بھی ہوگا، جو حالیہ دنوں میں دونوں ملکوں کے تعلقات میں تناؤ کا سبب بنے ہیں۔

مودی کے ممکنہ دورۂ امریکا کی خبر ایسے وقت آئی ہے جب چند روز قبل ٹرمپ نے بھارتی مصنوعات پر 25 فیصد اضافی ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا تاکہ نئی دہلی کو روسی تیل کی خریداری جاری رکھنے پر سزا دی جا سکے۔

اس جرمانے کے بعد امریکا کو برآمد کی جانے والی بھارتی مصنوعات پر کل عائد محصولات 50 فیصد تک پہنچ گئے، جو امریکا کے کسی بھی تجارتی شراکت دار پر لگائے جانے والے سب سے زیادہ ٹیرف میں شمار ہوتے ہیں۔

نئی دہلی اور واشنگٹن کے درمیان تجارتی مذاکرات پانچ مرحلوں کے بعد اس وقت ناکام ہوگئے جب بھارت نے اپنے وسیع زرعی اور ڈیری شعبے کو کھولنے اور روسی تیل کی خریداری بند کرنے سے انکار کر دیا۔

منگل کے روز امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا تھا کہ کئی بڑے تجارتی معاہدے ابھی مکمل ہونا باقی ہیں، جن میں سوئٹزرلینڈ اور بھارت کے ساتھ معاہدے بھی شامل ہیں، تاہم نئی دہلی نے واشنگٹن کے ساتھ بات چیت میں کچھ ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کیا ہے۔

بیسنٹ نے فاکس بزنس نیٹ ورک کے پروگرام کڈلو میں بتایا کہ انہیں امید ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ اکتوبر کے آخر تک اپنے تجارتی مذاکرات مکمل کر لے گی۔

انہوں نے کہا تھا کہ یہ ایک ہدف ہے، لیکن ان کا خیال ہے کہ ہم اچھی پوزیشن میں ہیں اور تمام بڑے ممالک کے ساتھ اہم شرائط پر اتفاق کر لیں گے۔

0 Votes: 0 Upvotes, 0 Downvotes (0 Points)

Leave a reply

Loading Next Post...
Search Trending
Popular Now
Loading

Signing-in 3 seconds...

Signing-up 3 seconds...