
نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندوستان کو منگولیا کی ترقی میں ایک مضبوط اور قابل اعتماد شراکت دار قرار دیتے ہوئے منگولیا کے شہریوں کے لیے مفت ای-ویزا کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان روحانی اور ثقافتی رشتے کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے کئی اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔
نئی دہلی میں منگولیا کے صدر کھریل سُکھ اُکھنا کے ساتھ دوطرفہ بات چیت کے بعد مشترکہ بیان دیتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا، ’’ہندوستان اور منگولیا کے تعلقات صرف سفارتی نہیں، بلکہ روحانی اور دوستانہ ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان صدیوں پرانے تعلقات بدھ مت کی مشترکہ روایت پر قائم ہیں، جو آج بھی دونوں ملکوں کو جوڑتی ہے۔






