مہاراشٹر میں مراٹھا ریزرویشن تحریک نے ایک بار پھر شدت اختیار کر لی ہے۔ تحریک کی قیادت کرنے والے منوج جرانگے پاٹل نے اعلان کیا ہے کہ وہ 29 اگست سے ممبئی کے آزاد میدان میں غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال شروع کریں گے۔ ان کے مطابق اس بھوک ہڑتال کا مقصد حکومت پر دباؤ ڈال کر مراٹھا برادری کو ریزرویشن کا حق دلانا ہے۔
جرانگے پاٹل منگل کی صبح اپنے آبائی گاؤں جالنہ کے انتروالی سراتی سے ہزاروں حامیوں کے ساتھ ممبئی کے لئے مارچ پر روانہ ہوئے۔ اطلاعات کے مطابق ناندیڑ، ہنگولی اور دھاراشیو سمیت مختلف اضلاع سے قریب دو ہزار گاڑیاں ممبئی کی طرف روانہ ہو چکی ہیں۔ مظاہرین ٹرکوں اور ٹیمپوؤں میں کھانے پینے کا انتظام کر کے نکلے ہیں تاکہ طویل احتجاج کے دوران ممبئی میں قیام کر سکیں۔