
نئی دہلی میں کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ ملک ایک ایسے دور سے گزر رہا ہے جہاں جمہوریت، آئین اور شہری حقوق شدید دباؤ میں ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مودی حکومت نے منریگا کو ختم کر کے کروڑوں غریب اور کمزور طبقات کو بے سہارا بنا دیا ہے اور یہ اقدام محض ایک اسکیم کا خاتمہ نہیں بلکہ حقِ روزگار پر براہِ راست ضرب ہے۔
کھڑگے نے کہا کہ منریگا کا خاتمہ دستور کے رہنما اصولوں، بالخصوص دفعہ 41 میں درج حقوق کے خلاف ہے، جن پر یو پی اے دور میں حقِ روزگار، حقِ خوراک، حقِ تعلیم اور حقِ صحت جیسے اقدامات کے ذریعے عملی پیش رفت کی گئی۔ ان کے مطابق مودی حکومت نے بغیر کسی جامع مطالعے، ریاستوں اور سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بغیر نیا قانون نافذ کر کے وہی طرزِ عمل اختیار کیا جو ماضی میں زرعی قوانین کے معاملے میں دیکھا گیا تھا۔






