
ممتا بنرجی کی جانب سے دائر کی گئی عرضی میں ریاست میں جاری ایس آئی آر کے طریقۂ کار پر سنجیدہ سوالات اٹھائے گئے ہیں اور اسے انتخابی عمل کو متاثر کرنے کی کوشش قرار دیا گیا ہے۔ عرضی میں کہا گیا ہے کہ ایک ایسا آئینی ادارہ جس سے غیر جانبداری اور شفافیت کی امید کی جاتی ہے، اس کا اس طرح کا طرز عمل کسی بھی جمہوری سماج کے لیے تشویش ناک ہے۔
ممتا بنرجی نے الیکشن کمیشن پر سیاسی جانبداری اور تانا شاہی رویہ اپنانے کا الزام عائد کرتے ہوئے عدالت عظمیٰ سے فوری مداخلت اور مناسب ہدایات جاری کرنے کی درخواست کی ہے، تاکہ ووٹروں کے حقوق اور انتخابی نظام کی ساکھ کو محفوظ رکھا جا سکے۔





