
وزیر اعلیٰ کے مطابق اس خصوصی نظرثانی مہم کے دوران اب تک 70 اموات، خودکشی کی 4 کوششیں اور کم از کم 17 افراد کی طبیعت بگڑنے کے واقعات سامنے آ چکے ہیں، جنہیں علاج کے لیے ہسپتال میں داخل کرانا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ واقعات خوف، ڈرانے دھمکانے اور غیر مناسب کام کے بوجھ کا نتیجہ ہیں، جس کی ذمہ داری براہ راست الیکشن کمیشن پر عائد ہوتی ہے۔
ممتا بنرجی نے خط میں نوبل انعام یافتہ پروفیسر امرتیہ سین، معروف شاعر جوئے گوسوامی، فلمی اداکار اور رکن پارلیمنٹ دیپک ادھیکاری، بین الاقوامی کرکٹر محمد شامی اور بھارت سیواشرم سنگھ کے مہاراج کو سماعت کے لیے طلب کیے جانے کا حوالہ دیا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا عالمی سطح پر معروف اور قابل احترام شخصیات کو اس طرح طلب کرنا الیکشن کمیشن کی جانب سے نامناسب اور توہین آمیز رویہ نہیں ہے۔





