ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج بین الاقوامی ہوائی اڈہ پر اچانک نیٹ ورک فیل ہو گیا، جس کی وجہ سے تمام سسٹم نے کام کرنا بند کر دیا۔ مسافروں کی سہولت کے مد نظر چیک اِن اور بورڈنگ کا عمل فی الحال مینوئل موڈ میں چل رہا ہے۔ سسٹم میں خرابی آجانے کی وجہ سے ہوائی اڈہ پر مسافروں کی بڑی بھیڑ اکٹھی ہو گئی ہے۔ مشکل حالات کو دیکھتے ہوئے ایمرجنسی خدمات بھی فعال کر دی گئی ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ نیٹ ورک میں ’گِلچ‘ (خرابی) کی وجہ سے بورڈنگ پاس پرنٹ کرنے میں بھی دشواری آ رہی ہے۔ فی الحال ایئرپورٹ اتھارٹی نیٹ ورک کی خرابی کو درست کرنے میں مصروف ہے۔
ممبئی ہوائی اڈہ پر سرور ڈاؤن ہونے کے سبب مسافروں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس تکنیکی خرابی کی وجہ سے طیاروں کی پرواز میں بھی تاخیر ہو رہی ہے۔ انڈیگو، ایئر انڈیا، اکاسا اور وستارا جیسی ایئر لائنز کمپنیوں کو مالی نقصانات کے ساتھ ساتھ دیگر نقصانات کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تکنیکی خرابی کی اصل وجہ اب تک معلوم نہیں ہو سکی ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ سرور اچانک ٹھپ پڑ گیا، اس سے قبل تمام سسٹم بہتر طریقے سے کام کر رہے تھے۔ ہوائی اڈہ کی آئی ٹی ٹیم اصل مسئلہ کا پتہ لگانے کی کوشش رہی ہے۔ ہوائی اڈہ کی انتظامیہ نے یقین دلایا ہے کہ جلد ہی سرور میں آئی خرابی کو دور کر دیا جائے گا اور تمام سسٹم دوبارہ بحال کر دیے جائیں گے۔ حالانکہ مسافروں کو موجودہ حالات میں کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔