مرکزی دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء ہندکے زیر اہتمام ’یک روزہ اجلاس برائے کامیاب معلمین‘ منعقد

AhmadJunaidJ&K News urduJuly 28, 2025360 Views


اس اجلاس میں 8 اضلاع سے منتخب 341 کامیاب معلمین نے شرکت کی۔ مہتمم دارالعلوم دیوبند مولانا ابوالقاسم نعمانی، صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی سمیت کئی اہم شخصیات نے اجلاس سے خطاب کیا۔

<div class="paragraphs"><p>یک روزہ اجلاس کا منظر</p></div><div class="paragraphs"><p>یک روزہ اجلاس کا منظر</p></div>

یک روزہ اجلاس کا منظر

user

جمعیۃ علماء ہند کے صدر دفتر کے مدنی ہال میں یک روزہ اجلاس برائے کامیاب معلمین اوراگلے دن صوبہ دہلی کا دوسرا سالانہ مرکزی امتحان منعقد ہوا۔ 26 جولائی کو اجلاس برائے کامیاب معلمین کی صدارت مرکزی دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃعلماء ہند کے صدر ومہتمم دارالعلوم دیوبند حضرت مولانا ابوالقاسم نعمانی اور صدر جمعیۃ علماء ہند حضرت مولانا محمود اسعد مدنی نے الگ الگ نشستوں میں کی۔ جب کہ دیگر اہم شخصیات بالخصوص جمعیۃ علماء ہند کے نائب صدر و استاذ دارالعلوم دیوبند حضرت مولانا محمد سلمان بجنوری، مرکزی دینی تعلیمی بورڈ کے ناظم عمومی و استاذ دارالعلوم دیوبند حضرت مولانا سید محمد سلمان منصورپوری، ناظم عمومی جمعیۃعلماء ہند حضرت مولانا محمد حکیم الدین قاسمی، حضرت مولانا شوکت علی بستوی قاسمی استاذ دارالعلوم دیوبند وغیرہ شریک ہوئے۔

اپنے صدارتی خطاب میں دارالعلوم دیوبند کے مہتمم حضرت مولانا ابوالقاسم نعمانی نے کہا کہ بچوں کی ابتدائی دینی تعلیم ایک عظیم ذمہ داری ہے جو انبیائے کرام علیہم السلام کے اسوہ سے وابستہ ہے۔ اللہ تعالیٰ نے تمام انبیاء علیہم السلام کو بکریاں چرانے کا مشغلہ عطا فرمایا، تاکہ ان میں نرمی، بردباری اور تحمل جیسے اوصاف پیدا ہوں، جو بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے نہایت ضروری ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مکاتب کا نظام وقت کی پابندی، ترتیب اور حسنِ انتظام کا عادی بناتا ہے، اور یہ صرف بچوں کی تربیت کا ذریعہ نہیں بلکہ اساتذہ کی بھی تربیت کا ایک مستقل نظام ہے۔ انھوں نے کہا کہ اساتذہ کی ذمہ داری صرف درسی مواد کی تکمیل تک محدود نہیں ہونی چاہیے، بلکہ بچوں کے ایمان، عقائداور اخلاق و کردار کی آبیاری بھی ان کے فرائض میں شامل ہے۔ بچپن ہی سے اگر اسلامی تربیت دی جائے تو ان کے دل و دماغ میں دین کی جڑیں مضبوط ہو جاتی ہیں۔ مولانا نعمانی نے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے منقول اس حدیث کا حوالہ دیا کہ “اگر تمہارے ذریعے ایک شخص کو بھی ہدایت مل جائے تو وہ تمہارے لیے سرخ اونٹوں سے بہتر ہے”۔ انھوں نے کہا کہ یہی مثال ان بچوں کی تعلیم و تربیت پر صادق آتی ہے، کہ اگر ہماری محنت سے ان میں دین کی سمجھ پیدا ہو جائے تو یہ ہمارے لیے صدقہ جاریہ ہے۔

صدر جمعیۃ علماء ہند حضرت مولانا محمود اسعد مدنی نے اپنے کلیدی خطاب میں کہا کہ یہ اجتماع تعلیم، ایمان اور تربیت کے میدان میں جمعیۃ علماء ہند کی مسلسل کوششوں کی ایک زندہ مثال ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستان میں تقریباً 7کروڑ مسلم بچے ہیںاور یہ ہماری دینی، ملی اور اخلاقی ذمہ داری ہے کہ ہم ان سب تک پہنچنے کی کوشش کریں۔ یہ کام کسی ایک ادارے یا فرد کا نہیں بلکہ پوری ملت کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔مولانا مدنی نے کہا کہ مکاتب صرف قرآن کی تلاوت سکھانے کی جگہ نہیں، بلکہ یہ وہ بنیاد ہیں جہاں ایک بچے کی سوچ، اس کا کردار، اور اس کی دینی و انسانی شخصیت کی تعمیر ہوتی ہے۔ اسی طرح، یوتھ کلب کا مقصد یہ ہے کہ ہمارے نوجوان باشعور، مثبت، اور خدمتِ خلق کرنے والے انسان بنیں۔ انہوں نےکہا کہ جمعیۃ کی کوشش ہے کہ مسلم معاشرہ تعلیم، روزگار، اور سماجی خدمت کے ہر میدان میں آگے بڑھے، لیکن اس کا آغاز بچوں کی دینی تربیت سے ہونا چاہیے۔ مکاتب اور ان سے وابستہ اساتذہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ کی محنت رائیگاں نہیں جاتی۔ آپ کے ہاتھوں جو بچے تیار ہو رہے ہیں، وہ ملت کا قیمتی سرمایہ ہیں۔انہوں نے اجتماع کے شرکاء اور مکاتب سے وابستہ ذمہ داران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کام بظاہر چھوٹا نظر آتا ہے، لیکن درحقیقت یہ سب سے بڑی خدمت ہے۔

مرکزی دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء ہندکے زیر اہتمام ’یک روزہ اجلاس برائے کامیاب معلمین‘ منعقدمرکزی دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء ہندکے زیر اہتمام ’یک روزہ اجلاس برائے کامیاب معلمین‘ منعقد

نائب امیرالہند اور مرکزی دینی تعلیمی بو رڈ جمعیۃ علماء ہند کے ناظم عمومی حضرت مفتی سید محمد سلمان منصورپوری نے کامیاب معلمین کو سراہتے ہوئے نہایت قیمتی اور حوصلہ افزا کلمات ارشاد فرمائے۔ آپ نے معلمین کو نصیحت کی کہ وہ اخلاص، صبر، محبت اور ذمہ داری کے ساتھ علم کی شمع روشن کریں، کیوں کہ تعلیم ایک صدقہ جاریہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ معلمین ہی وہ ستون ہیں جن پر امت کا علمی و روحانی مستقبل قائم ہے۔ یہ باتیں نہ صرف ان کی ہمت افزائی کا ذریعہ بنیں بلکہ تعلیم و تربیت کے مشن میں مزید جوش و خروش پیدا ہوگا۔ ان کے علاوہ حضرت مولانا محمد سلمان بجنوری، مولانا حکیم الدین قاسمی، مولانا محمد شوکت علی بستوی نے بھی نصیحت آموز خطاب کیا۔

اجلاس میں شریک 8 اضلاع کے معاونین نے اپنے اضلاع کے مکاتب کی اجمالی کارگزاری، کام کا طریقہ، چیلنجز، کامیاب حکمت عملیاں اور تجربات تفصیل سے پیش کیے-اجلاس کے اختتام پر تمام معلمین کی خدمات کے اعتراف میں انہیں اعزازی اسناد سے نوازا گیا۔

اس موقع پر مولانا محمد عابد قاسمی صدر جمعیۃ علماء صوبہ دہلی، قاری عبدالسمیع جنرل سکریٹری دینی تعلیمی بورڈصوبہ دہلی، مولانا قاری احمد عبداللہ سکریٹری جمعیۃ یوتھ کلب، مولانا فیروز آدم ناظم معیار مکاتب دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء ہند،مفتی محمد فضیل ناظم تعمیر مکاتب دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء ہند کا بھی مختصر خطا ب ہوا۔اجلاس میں نظامت کے فرائض مولانا محمد شعیب قاسمی ناظم دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء ہند نے انجام دیے۔ اجلاس کے کامیاب انعقاد کے لیے مولانا محمد اویس قاسمی ناظم آفس شعبہ دینی تعلیمی بورڈ نے بھی اپنے حصے کا کردار بحسن و خوبی انجام دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔




0 Votes: 0 Upvotes, 0 Downvotes (0 Points)

Leave a reply

Loading Next Post...
Trending
Popular Now
Loading

Signing-in 3 seconds...

Signing-up 3 seconds...