
اتر پردیش کے ضلع مرزا پور کے چنار ریلوے اسٹیشن پر بدھ کی صبح ایک دل دہلا دینے والا حادثہ پیش آیا، جب 6 افراد تیز رفتار ٹرین کی زد میں آ کر موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ یہ تمام افراد گنگا اسنان کے بعد اپنے گھروں کو واپس لوٹ رہے تھے۔ حادثے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا اور ریلوے ٹریک پر لاشوں کے ٹکڑے بکھر گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کچھ مسافر ایک ٹرین سے اتر کر دوسرے پلیٹ فارم پر جانے کے لیے ریلوے ٹریک عبور کر رہے تھے۔ اسی دوران تیز رفتار کالکا میل ٹرین وہاں سے گزری اور کئی یاتری اس کی زد میں آ گئے۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ لاشوں کے چیتھڑے اڑ گئے اور پلیٹ فارم پر موجود لوگ خوفزدہ ہو کر چیخنے لگے۔





