بہوجن سماج پارٹی کے بانی اور سماجی مصلح کانشی رام کے یوم پیدائش کے موقع پر کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے، لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی اور کانگریس رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ کانگریس صدر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’عظیم سماجی مصلح قابل احترام کانشی رام جی نے دلت، محروم، استحصال زدہ اور پسماندہ طبقات کو منظم کر کے انہیں ہندوستانی سیاست کے مرکزی دھارے میں باوقار مقام دلانے کا تاریخی کام کیا۔ سماجی انصاف اور برابری کی لڑائی میں ان کا تعاون ہمیشہ مشعل راہ رہے گا۔ ان کے یوم پیدائش پر ہم انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔‘‘
لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ’’بہوجن نائک محترم کانشی رام جی کے یوم پیدائش پر انہیں خراج عقیدت۔ غریبوں، دلتوں اور محروموں کے حقوق کے لیے ان کی جہد مسلسل اور لگن ہم سب کے لیے مشعل راہ ہے۔ ان کا ماننا تھا کہ آئین ہی دلتوں، پسماندہ طبقات اور محروموں کی اصل طاقت ہے۔ وہی آئین آج خطرے میں ہے – بابا صاحب کے آئین کا حلف لے کر اقتدار میں بیٹھنے والے ہی اسے کمزور کرنے کے درپے ہیں۔‘‘
راہل گاندھی نے مزید لکھا کہ ’’جب تک اقتدار میں حصہ داری نہیں، تب تک انصاف ممکن نہیں – کانشی رام جی کی وراثت یہی کہتی ہے۔ سماجی انصاف کا یہ خواب ادھورا نہیں رہے گا۔‘‘ حزب اختلاف کے قائد نے عزم مصمم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’کانگریس پارٹی بہوجن سماج کی شراکت داری، وقار اور آئین کے تحفظ کے لیے پہلے بھی کھڑی تھی، آج بھی ہے اور ہمیشہ رہے گی۔‘‘
ملکارجن کھڑگے اور راہل گاندھی کے علاوہ پرینکا گاندھی نے بھی کانشی رام کو یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’سماجی انصاف کے نظریے کے علمبردار اور دلت، محروم اور استحصال زدہ طبقات کی مضبوط آواز، کانشی رام جی کو ان کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت۔ کانشی رام جی نے اپنے افکار اور تحریکوں کے ذریعے مساوات اور انصاف کے آئینی اصولوں کو نئی بلندیوں تک پہنچایا۔ ان کے خیالات ہمیشہ ہم سب کے لیے مشعل راہ رہیں گے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔



































