راجیہ سبھا میں اراکین پارلیمنٹ کی وداعی کے دوران حزب اختلاف کے قائد ملکارجن کھڑگے نے اپنے مزاحیہ انداز سے آج سبھی کو لوٹ پوٹ کر دیا۔ انھوں نے سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوگوڑا اور مرکزی وزیر رام داس اٹھاولے پر ایسی باتیں کہیں کہ وزیر اعظم نریندر مودی بھی اپنی ہنسی نہیں روک پائے۔
آج ایوانِ بالا سے خطاب کرتے ہوئے کھڑگے نے ایچ ڈی دیوگوڑا کا خاص طور سے ذکر کیا۔ انھوں نے طنزیہ انداز اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں دیوگوڑا کو 54 سالوں سے جانتا ہوں۔ ان کے ساتھ ہی میں نے کام کیا، لیکن اچانک کیا ہوا مجھے معلوم نہیں۔ انھوں نے محبت ہمارے ساتھ کی، لیکن شادی مودی صاحب کے ساتھ کر لی۔ یہ اچانک ہی ہوا، لیکن کیسے ہوا مجھے معلوم نہیں۔‘‘ کھڑگے کی اس بات پر پی ایم مودی سمیت پورا ایوان قہقہوں سے گونج اٹھا۔
اس کے بعد ملکارجن کھڑگے نے رام داس اٹھاولے کا بھی مزاحیہ انداز میں ذکر کیا۔ اٹھاولے پر طنز کے تیر چلاتے ہوئے کھڑگے نے کہا کہ ’’اٹھاولے اپنی شاعری میں ہمیشہ پی ایم مودی کی تعریف کرتے ہیں۔ لگتا ہے کہ اٹھاولے کو مودی جی کی تعریف کے علاوہ کوئی اور شاعری آتی ہی نہیں ہے۔‘‘ جب کھڑگے یہ کہہ رہے تھے تو ایک بار پھر ایوانِ بالا میں ہنسی کی لہر دوڑ گئی۔
اس درمیان حزب اختلاف کے قائد نے ایک انتہائی اہم بات بھی ایوان بالا میں رکھی۔ انھوں نے کہا کہ سیاست یا عوامی زندگی میں لوگ نہ تو کبھی تھکتے ہیں اور نہ ہی سبکدوش ہوتے ہیں۔ ملک کی خدمت کا جنون عہدوں سے پرے ہمیشہ برقرار رہتا ہے۔ کھڑگے نے زور دے کر کہا کہ عوامی زندگی میں رہنے والے لوگ ہمیشہ ذمہ داری کے جذبہ سے بھرے ہوتے ہیں، چاہے ان کی مدت کار رہے یا نہ رہے۔‘‘































