
نئی دہلی: کانگریس کے رکن پارلیمان مانیکم ٹیگور نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر گریٹ نکوبار پروجیکٹ میں قبائلی حقوق کی پامالی پر گہری تشویش ظاہر کی ہے۔ انہوں نے زور دیا ہے کہ حکومت فوری طور پر اس معاملے میں مداخلت کرے اور قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے نیکوباری قبائل کے آئینی حقوق کی حفاظت کو یقینی بنائے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ 72 ہزار کروڑ روپے کے اس منصوبے کے لیے جزائر نکوبار کی انتظامیہ نے غلط طریقے سے یہ دعویٰ کیا کہ فاریسٹ رائٹس ایکٹ (ایف آر اے) کے تحت قبائلی حقوق طے شدہ ہیں اور اس بنیاد پر 13,075 ہیکٹیئر جنگلاتی زمین کو منتقل کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ تاہم گریٹ نکوبار کی قبائلی کونسل نے اس دعوے کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔






