نئی دہلی: پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس سے قبل حکومت نے اتوار کے روز کل جماعتی میٹنگ میں اپوزیشن کی جانب سے اٹھائے گئے تمام اہم مسائل پر بحث کی یقین دہانی کرائی۔ پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ’آپریشن سندور‘، پہلگام حملہ، بہار میں ووٹر لسٹ کی نظرثانی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ دعووں سمیت ہر موضوع پر ضابطے اور پارلیمانی روایات کے مطابق بحث کے لیے تیار ہے۔
رجیجو نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بہتر تال میل ضروری ہے تاکہ پارلیمنٹ کی کارروائی بغیر کسی رکاوٹ کے چل سکے۔ انہوں نے مزید کہا، ’’ہم چاہتے ہیں کہ پارلیمنٹ میں تمام موضوعات پر بامعنی بحث ہو اور حکومت اس کے لیے پوری طرح تیار ہے۔‘‘