سوشل میڈیا پلیٹ فارمز ایکس اور ٹک ٹاک پر پاکستانی صارفین گزشتہ روز سے ایسی ویڈیوز شیئر کر رہے ہیں جن میں مبینہ طور پر بھارتی آرمی چیف کو حالیہ پاک-بھارت فوجی تنازع میں6 لڑاکا طیارے اور 250 فوجی کھونے کا اعتراف کرتے دکھایا گیا ہے۔
آئی ویریفائی پاکستان کی ٹیم کی جانب سے جانچ پڑتال کے بعد بتایا گیا کہ یہ وائرل ویڈیو جعلی ہے اور بھارتی آرمی چیف نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا۔
9 اگست کو بھارتی ایئر چیف مارشل امر پریت سنگھ نے دعویٰ کیا کہ بھارت نے پانچ پاکستانی لڑاکا طیارے اور ایک بڑا طیارہ، ممکنہ طور پر جاسوسی طیارہ، مار گرایا، جن میں سے زیادہ تر روسی ساختہ S-400 میزائل نظام سے گرائے گئے۔ انہوں نے مزید الزام لگایا کہ بھارتی حملوں سے سندھ اور پنجاب میں واقع فضائی اڈوں پر کھڑے مزید پاکستانی طیارے، جن میں ایف-16 بھی شامل تھے، کو نقصان پہنچا۔
11 اگست کو ایک پروپیگنڈا اکاؤنٹ نے ایکس پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں دعویٰ کیا گیا کہ بھارتی آرمی چیف نے جنگ میں بھاری جانی و مالی نقصان کا اعتراف کیا ہے۔
ویڈیو کی کیپشن میں لکھا تھا کہ’ بریکنگ: بھارتی آرمی چیف نے پاکستان کے خلاف جنگ میں6 طیارے اور 250 فوجی کھونے کا اعتراف کر لیا۔’
کلپ کے متن میں کہا گیا کہ’ نان -کائنیٹک کواڈرینٹ ایسی چیز ہے جسے آپ آج سے شروع کر سکتے ہیں، اور اگلی جنگ جو ہم دیکھ رہے ہیں، وہ جلد ہو سکتی ہے اور ہمیں اس کے لیے تیاری کرنی ہوگی، جیسا کہ ڈائریکٹر نے پہلے ہی بتایا کہ اس میں ہمیں یہ جنگ مل کر لڑنی ہے۔ یہ نان-کائنیٹک جنگ مل کر لڑی جانی ہے۔ ہم پہلے ہی چھ طیارے اور 250 فوجی کھو چکے ہیں، لیکن ہم کبھی ہار نہیں مانیں گے۔’
’ ہم سیکھیں گے۔ ہمارے پاس کچھ نتائج ہیں۔ تو نتائج کیا ہیں؟ کہ اگلی جنگ میں پورا ملک شامل ہوگا، یہ جنگ صرف فوج نہیں لڑے گی۔’
’ میں آپ کو یہ بات بالکل واضح طور پر بتا دوں کہ جہاں تک گرے زون کا تعلق ہے، یہ ہمیشہ موجود ہے اور رہے گا۔’
ویڈیو کو 140700 مرتبہ دیکھا گیا۔
اسی کلپ کو سابق صوبائی وزیر جان اچکزئی نے بھی شیئر کیا۔
کئی پرو-ملٹری اکاؤنٹس نے بھی یہی دعویٰ شیئر کیا، جیسا کہ یہاں، یہاں اور یہاں دیکھا جا سکتا ہے۔ دیگر ایکس صارفین نے بھی اس دعوے کو آگے بڑھایا، جیسا کہ یہاں، یہاں، یہاں، یہاں اور یہاں۔ یہی دعویٰ ٹک ٹاک پر بھی شیئر ہوا۔
اس ویڈیو کے وائرل ہونے اور پاک بھارت تنازع میں فوجی نقصانات کے موضوع پر عوامی دلچسپی کے باعث اس کے حقائق جانچنے کا فیصلہ کیا گیا۔
کلپ کا جائزہ لینے پر پتا چلا کہ ابتدا میں تقریر عام نظر آتی ہے، مگر تقریباً 20ویں سیکنڈ پر ہونٹوں کی حرکت اور آواز میں ہم آہنگی ختم ہو جاتی ہے، بولنے کی رفتار اچانک تیز ہو جاتی ہے اور چہرے کے تاثرات غیر فطری محسوس ہوتے ہیں۔ 26ویں سیکنڈ تک ویڈیو دوبارہ نارمل ہو جاتی ہے۔ یہ مشاہدات ظاہر کرتے ہیں کہ 20 سے 25 سیکنڈ کے درمیان والا حصہ اصل تقریر میں ترمیم کر کے شامل کیا گیا ہے۔
وضاحت کے لیے بھارتی آرمی چیف جنرل اپیندر دویدی کی مکمل تقریر کا جائزہ لیا گیا۔ یہ ویڈیو 10 اگست 2025 کو ریپبلک ورلڈ کے یوٹیوب چینل پر موجود تھی، جس میں وہ میڈیا کو پاک بھارت صورتحال پر بریف کر رہے تھے اور اسے جعلی بیانیہ قرار دے رہے تھے۔
10 منٹ 46 سیکنڈ پر جنرل دویدی نے کہا کہ ’ نان-کائنیٹک کواڈرینٹ ایسی چیز ہے جسے آپ آج سے شروع کر سکتے ہیں، اور اگلی جنگ جو ہم دیکھ رہے ہیں، یہ جلد ہو سکتی ہے اور ہمیں اس کے لیے تیاری کرنی ہوگی۔ جیسا کہ ڈائریکٹر نے پہلے ہی بتایا ہے، اس میں ہمیں یہ جنگ مل کر لڑنی ہے۔ یہ نان-کائنیٹک جنگ مل کر لڑی جانی ہے۔’
ان کا اگلا جملہ تھا:’ تو نتائج کیا ہیں؟ کہ اگلی جنگ میں پورا ملک شامل ہوگا، اور یہ جنگ صرف فوج نہیں لڑے گی۔’
اصل تقریر میں چھ طیارے اور 250 فوجی کھونے کا کوئی ذکر نہیں تھا۔
لہٰذا، یہ حقائق سامنے آئے کہ وائرل ویڈیو میں بھارتی آرمی چیف کے بیان کا دعویٰ جھوٹا ہے۔ ویڈیو ڈیپ فیک ہے اور بھارتی آرمی چیف نے ایسا کوئی اعتراف نہیں کیا۔