
جبل پور: اداکار منوج باجپئی کی فلم گھوس خور پنڈت کے گرد تنازع کم ہونے کا نام نہیں لے رہا۔ حال ہی میں سپریم کورٹ نے فلم کے عنوان پر سخت رویہ اپناتے ہوئے اسے تبدیل کرنے کی ہدایت دی تھی، اور اب معاملہ مدھیہ پردیش کے شہر جبل پور کی ضلع عدالت تک پہنچ گیا ہے، جہاں اس کے خلاف باضابطہ شکایت درج کرائی گئی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق شکایت اس بنیاد پر دائر کی گئی ہے کہ فلم کا عنوان برہمن سماج کے لیے توہین آمیز اور ہتک آمیز ہے۔ یہ شکایت اسکرپٹ رائٹر، فلمی فنکار اور جیوتشی پنڈت ویبھو پاٹھک کی جانب سے پیش کی گئی۔ شکایت میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ فلم کے نام میں استعمال کیا گیا لفظ مخصوص برادری کی ساکھ کو متاثر کرتا ہے اور سماجی ہم آہنگی کے خلاف ہے۔





