
ممبئی: بالی ووڈ اداکار فرحان اختر اور ان کی والدہ ہنی ایرانی کے ساتھ ایک سنگین مالی دھوکہ دہی کا انکشاف ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، گھر کے ڈرائیور نے فرحان اختر کے نام پر جاری کریڈٹ کارڈ کا غلط استعمال کیا اور پٹرول پمپ کے ایک ملازم کے ساتھ سازباز کر کے تقریباً 12 لاکھ روپے کی ہیرا پھیری کی۔ اس سلسلے میں باندرہ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور دونوں ملزمان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق ہنی ایرانی کی مینیجر دویا بھاٹیا نے شکایت درج کرائی، جس میں الزام لگایا گیا کہ ڈرائیور نریش سنگھ (35) اور پمپ ملازم ارون سنگھ (52) ایک منظم طریقے سے یہ فراڈ کر رہے تھے۔ ڈرائیور گاڑی میں پٹرول ڈلوانے کے بہانے پمپ پر جاتا، کارڈ سوائپ کرتا لیکن گاڑی میں ایندھن ڈلوایا ہی نہیں جاتا تھا۔ اس کے بعد پمپ ملازم کی مدد سے وہ رقم کیش میں لے لیتا اور ملازم کو بھی کمیشن دیتا۔






