
سب سے بڑی بات تو یہی ہے کہ ماریا کئی مرتبہ غزہ پر اسرائیلی حملے کو درست ٹھہرا چکی ہیں۔ اس کی مثالیں ان کی پرانی سوشل میڈیا پوسٹ میں دیکھی جا سکتی ہیں۔ 2 سال قبل اپنی ایک پوسٹ میں ماریا کورینا مچاڈو نے لکھا تھا کہ ’’وینزوئلا کی جنگ بھی اسرائیل کی طرح ہے۔‘‘ ساتھ ہی ماریا نے یہ بھی کہا تھا کہ اگر وہ اقتدار میں آئیں تو اسرائیل کی آزادی میں پوری مدد کریں گی۔ امریکہ میں مسلم حقوق کے لیے کام کرنے والے ادارہ ’کاؤنسل آن امریکن-اسلامک رلیشن‘ نے ماریا کے غزہ سے متعلق اس بیان کو ناقابل قبول قرار دیا ہے۔ اسی لیے ادارہ نے نوبل کمیٹی کو اپنے فیصلے پر از سر نو غور کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ ادارہ کا کہنا ہے کہ ’’نوبل کمیٹی کو ایک بار پھر سے سوچنا چاہیے۔ ماریا کو یہ انعام دینے سے نوبل کی شبیہ کو گہرا جھٹکا لگ سکتا ہے۔‘‘






