پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور ’پاکستان تحریک انصاف‘ (پی ٹی آئی) پارٹی کے بانی عمران خان صحت مند اور سلامت ہیں۔ گزشتہ دنوں ان کی موت سے متعلق جو دعوے کیے گئے تھے، وہ افواہ ثابت ہو گئے ہیں۔ عمران خان کے صحت مند ہونے کی خوشخبری ان کی بہن عظمیٰ خان نے سنائی ہے، جنھوں نے اڈیالہ جیل میں آج ہی ان سے ملاقات کی۔
پاکستانی میڈیا رپورٹس کے مطابق اڈیالہ جیل جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد عظمیٰ خان نے میڈیا سے مختصر گفتگو کی۔ انھوں نے جیل سے باہر نکلنے کے بعد کہا کہ ’’بانی پی ٹی آئی مکمل طور پر صحت یاب ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ دونوں بہنوں سے صلاح و مشورہ کے بعد میڈیا کو اس ملاقات اور عمران خان کی صحت سے متعلق مزید تفصیل دیں گی۔ کچھ میڈیا رپورٹس میں عظمیٰ خان کے حوالے سے یہ ضرور کہا گیا ہے کہ عمران خان کو تنہا قید میں رکھا گیا ہے اور ان کا ذہنی طور پر استحصال کیا جا رہا ہے۔ عظمیٰ نے بتایا کہ عمران خان موجودہ حالات سے برہم ہیں اور انھوں نے کہا ہے کہ جو کچھ بھی ہو رہا ہے، اس کے لیے عاصم منیر ذمہ دار ہیں۔
اس سے قبل جب عظمیٰ خان اڈیالہ جیل کے اندر عمران خان سے ملاقات کے لیے داخل ہوئیں، تو جیل احاطہ کے باہر پی ٹی آئی کارکنان کی زبردست بھیڑ موجود تھی۔ یہ بھیڑ حکمراں طبقہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کر رہی تھی۔ عمران کی بہنیں صبح 11.30 بجے ہی جیل پہنچ گئی تھیں، لیکن صرف عظمیٰ خان کو بوقت شام ملاقات کی اجازت دی گئی۔ اس ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل احاطہ کے آس پاس سیکورٹی انتہائی سخت کر دی گئی تھی۔ جیل تک جانے والے سبھی راستوں کو کنٹینرس اور ٹرکوں سے بلاک کر دیا گیا تھا۔ ہر راستہ پر پولیس اور رینجرس کی سخت تعیناتی کی گئی تھی۔ لوگوں کی مستقل تلاشی بھی لی جا رہی تھی اور صرف اہم لوگوں کو ہی آگے بڑھنے کی اجازت مل رہی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


































