
نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (عآپ) کے رہنما نریش بالیان کے خلاف جاری مکوکا معاملے میں راؤز ایونیو کورٹ میں ہفتہ کو اہم سماعت ہوئی۔ عدالت نے دہلی پولیس کو واضح ہدایت دی کہ وہ تمام متعلقہ دستاویزات 15 ستمبر تک ملزمین کو مہیا کرے تاکہ مقدمے کی کارروائی میں مزید تاخیر نہ ہو۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ اس کیس میں جانچ کے دوران کسی قسم کی سستی یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
یاد رہے کہ پچھلی سماعت میں عدالت نے نریش بالیان اور دیگر ملزمین کی عدالتی حراست 3 جون تک بڑھا دی تھی۔ ساتھ ہی عدالت نے دہلی پولیس کو یہ ہدایت بھی دی تھی کہ ملزم وکاس گہلوت کے خلاف تفتیش میں تیزی لائی جائے۔ عدالت کے مطابق اس معاملے کی حساسیت اور سنگینی کو دیکھتے ہوئے جانچ کے ہر پہلو کو باریک بینی سے آگے بڑھانا ضروری ہے۔





