
کانگریس کے سینئر رہنما پون کھیڑا نے نیشنل ہیرالڈ معاملے میں عدالت کے حالیہ فیصلے کو ایک بڑی سیاسی اور اخلاقی فتح قرار دیا۔ نئی دہلی میں کانگریس دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ 12 برسوں سے ایک جھوٹا اور من گھڑت مقدمہ بنا کر اپوزیشن کو دبانے کی کوشش کی جا رہی تھی، جسے اب عدالت نے مسترد کر دیا ہے۔
پون کھیڑا نے الزام لگایا کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ، سی بی آئی، انکم ٹیکس اور دیگر مرکزی اداروں کو ایک ’پرائیویٹ فوج‘ کی طرح استعمال کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ جان بوجھ کر حکومت یا کسی عہدے کا نام نہیں لیں گے بلکہ اس پورے عمل کو ’گینگس آف گاندھی نگر‘ کی سازش قرار دیتے ہیں، جس نے ریاستی اداروں کا غلط استعمال کیا۔






