نئی دہلی: اڑان- دی سنٹر آف تھیٹر آرٹ اینڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ اور اندرا گاندھی نیشنل آرٹ سنٹر (مرکزی وزارت ثقافت) کے ذریعہ منعقد سہ روزہ ’چلڈرنس تھیٹر فیسٹیول‘ میں ننھے فنکاروں کی صلاحیت نے ناظرین کو مسحور کر دیا۔ اسٹیج آرٹسٹ سنجے ٹوٹیجا کے ڈائریکشن میں ہوئے اس شاندار تقریب میں مجموعی طور پر 12 ڈراموں کو اسٹیج کیا گیا، جن کے ذریعہ بچوں نے ناظرین کو ہنسایا بھی اور رلایا بھی، ساتھ ہی انھوں نے سماجی برائیوں کو دور کرنے کا پیغام بھی دیا۔


اندرا گاندھی نیشنل آرٹ سنٹر کے سمویت جلسہ گاہ میں منعقد سہ روزہ اس تقریب نے راجدھانی کے تھیٹر شیدائیوں کو جذباتی کر دیا۔ اس تقریب کا افتتاح ڈاکٹر سچدانند جوشی، رکن سکریٹری، آئی جی این سی اے نے شمع روشن کر کے کیا۔ آئی اے ایس اجئے گرگ اور ڈپارٹمنٹ آف آرٹ کی سربراہ ڈاکٹر پروفیسر رچا کمبوج خصوصی مہمان کی شکل میں موجود رہیں۔ دوسرے دن ڈین ایڈمنسٹریشن و آرٹ ڈپارٹمنٹ کے ہیڈ ڈاکٹر پروفیسر رمیش چند گور نے، اور تیسرے دن ڈپارٹمنٹ آف پروٹیکشن کے ہیڈ ڈاکٹڑ اچل پانڈیا، جوائنٹ سی پی دہلی پولیس رجنیش گپتا و اے ڈی جی پی آئی پی نانو بھسین مہمانانِ خصوصی رہے۔


3 دنوں میں اسٹیج ہوئے 12 ڈراموں نے ناظرین کو بچوں کی فنی صلاحیت، اداکاری کے ہنر اور سماجی شعور سے متعارف کرایا۔ موسم گرما تھیٹر ورکشاپ کے ذریعہ سے بچوں کو تربیت دے کر تیار کی گئی ان پیشکش میں اسٹیج پر بچوں کا حوصلہ، تلفظ، جسمانی حرکت اور چہرے کے آثار دیکھ کر ناظرین حیرت زدہ رہ گئے۔ تقریب میں پیش کردہ ڈراموں ’راجہ مڈاس‘ اور ’جادوئی پتنگ‘ کی ہدایت کاری سنیوگیتا شرما اور آشیو بھاٹیجا نے کی، جبکہ ’بچوں کی کچہری‘ اور ’لٹل ویمن‘ کی ہدایت کاری ابھشیک رانا نے کی۔ اسی طرح ڈرامہ ’سمسیاپور‘ کی ہدایت کاری شیوانگ مشرا اور آستھا باویجا نے کیا، جبکہ ’جنگل بُک‘ اور ’انیمل فارم‘ کی ہدایت کاری کنیا سنگھ نے کی۔ علاوہ ازیں ڈرامہ ’اندھیر نگری‘ اور ’ویرگاتھا‘ کی ہدایت کاری خوشبو برائک نے، اور ’دی میجیکل بس‘ کی ہدایت کاری سنول سہگل و چارو سنگھ نے کی۔
اس تقریب کی کشش جھگیوں میں رہنے والے بچوں کے ذریعہ پیش کردہ ڈرامہ ’پُنیہ شلوک اہلیابائی‘ کی پیشکش رہی، جس کی ہدایت کاری یوگیش پنوار نے کی۔ سماج کے محروم طبقات سے آنے والے ان بچوں نے جس حوصلہ اور سنجیدگی سے تاریخی کرداروں کو زندہ کیا، وہ ناظرین کے لیے بے حد ترغیب کے لائق رہی۔ ناظرین نے کھڑے ہو کر تالیوں سے ان کا حوصلہ بڑھایا۔ یہ تقریب ان بچوں کے لیے نہ صرف حوصلہ افزا بنا، بلکہ انھیں سماج کے مین اسٹریم سے جوڑنے کا مضبوط ذریعہ بھی ثابت ہوا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔