سکھوں کے پانچویں گرو ارجن دیو کے یوم شہادت کے موقع پر پاکستان میں منعقد ہونے والی سالانہ تقریب میں شامل ہونے کے خواہشمند ہندوستانی زائرین کے لیے اچھی خبر ہے۔ پاکستان ہائی کمیشن نے 737 ہندوستانی زائرین کے لیے ویزے جاری کر دیے ہیں۔ نئی دہلی واقع پاکستانی ہائی کمیشن نے پیر (8 جون) کو جاری ایک بیان میں اس کی اطلاع دی۔
پاکستانی ہائی کمیشن کے مطابق ہندوستان سے آنے والے 737 زائرین کو پاکستان میں 10 سے 19 جون تک منعقد ہونے والی سالانہ تقریب میں شرکت کے لیے ویزے جاری کر دیے گئے ہیں۔ زائرین اس سفر کے دوران گرودوارہ پنجہ صاحب، گرودوارہ ننکانہ صاحب اور گرودوارہ کرتارپور صاحب سمیت دیگر مقدس مقامات پر حاضری دیں گے۔ ہندوستان میں پاکستان کے قائم مقام ہائی کمشنر سعد احمد وارائچ نے زائرین کے کامیاب سفر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ہندوستانی زائرین کو ویزا جاری کرنا 1974 کے مذہبی مقامات کی زیارت سے متعلق دوطرفہ پروٹوکول کو مکمل طور سے نافذ کرنے کی پاکستانی حکومت کی ذمہ داری کے عین مطابق ہے۔
شیرومنی گرودوارہ انتظامی کمیٹی کے 541 زائرین کو ویزے ملے ہیں، جو پانچویں سکھ گرو ارجن دیو کے یوم شہادت کے موقع پر تاریخی مقدس مقامات کی زیارت کے لیے پاکستان کا سفر کریں گے۔ ایس جی پی یس کی ’دھرم پرچار کمیٹی‘ کے سکریٹری گریندر سنگھ متھریوال نے پیر (8 جون) کو بتایا کہ سکھوں کی اعلیٰ ترین مذہبی تنظیم نے 561 زائرین کے پاسپورٹ نئی دہلی واقع پاکستانی سفارت خانہ میں جمع کر دیے ہیں۔ زائرین کا گروپ بدھ (10 جون) کو ایس جی پی سی ہیڈکوارٹر سے روانہ ہوگا۔ متھریوال نے کہا کہ جن زائرین کے ویزے منظور ہو چکے ہیں انہیں 9 جون کو دفتر کے اوقات کے دوران ایس جی پی سی دفتر سے اپنے پاسپورٹ حاصل کر لینے چاہئیں۔
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

































