
اسی طرح دسمبر کی ترسیل کے لیے امریکی سونے کے فیوچرز 4.7 فیصد گر کر 4155 ڈالر فی اونس پر آ گئے۔ واضح رہے کہ سونے کی قیمتیں پیر کے روز 4381.21 ڈالر کی تاریخی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھیں اور اس سال تقریباً 60 فیصد بڑھ چکی ہیں، جس کی وجہ سے جغرافیائی و اقتصادی غیر یقینی صورتِ حال، شرحِ سود میں کمی کی توقعات اور مرکزی بینکوں کی جانب سے مسلسل خریداری ہے۔
دھاتوں کے تاجر تائی وونگ نے رائٹرز کو بتایا کہ کل تک بھی سونے کی قیمتوں میں گراوٹ کے دوران خریداری کی جا رہی تھی، لیکن گزشتہ ہفتے بلند سطحوں پر اچانک بڑھتا ہوا اتار چڑھاؤ احتیاط کا اشارہ دے رہا ہے جس سے قلیل مدتی منافع لینے کی ترغیب مل سکتی ہے۔ آج ڈالر انڈیکس 0.4 فیصد بڑھ گیا، جس سے دیگر کرنسیوں کے حاملین کے لیے سونا مہنگا ہوگیا۔




