
کھڑگے نے یہ بھی کہا کہ باچا خان کا مقصد صرف سیاسی آزادی نہیں تھا بلکہ وہ ایک ایسے سماج کا خواب دیکھتے تھے جہاں ہر انسان کو عزت، مساوات اور امن کے ساتھ جینے کا حق حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ انسانی وقار کے لیے غفار خان کی جدوجہد آج کے سماجی اور سیاسی ماحول میں خاص طور پر اہم ہو جاتی ہے۔
کانگریس صدر نے یاد دلایا کہ خان عبدالغفار خان کا انڈین نیشنل کانگریس کے ساتھ طویل اور مضبوط تعلق رہا۔ وہ کئی برسوں تک کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن رہے اور دستور ساز اسمبلی کے لیے بھی منتخب ہوئے۔ کھڑگے نے کہا کہ یہ وابستگی اس بات کی علامت تھی کہ غفار خان متحدہ ہندوستان اور جمہوری اقدار پر پختہ یقین رکھتے تھے۔






