
جوشی نے اس موومنٹ کی اطلاع آرمی چیف جنرل منوج مکند نروَنے کو دی، جنہوں نے فوراً صورتحال کی سنگینی کو سمجھ لیا۔ ٹینک کیلاش رینج پر ہندوستانی ٹھکانوں سے چند سو میٹر کے فاصلے پر تھے۔ یہ ایک اسٹریٹجک اونچی جگہ تھی، جس پر ہندوستانی فوج نے کچھ گھنٹے پہلے ہی قبضہ کیا تھا۔ متنازع لائن آف ایکچول کنٹرول (جو دونوں ملکوں کے درمیان اصل سرحد ہے) کے اس علاقے میں اونچائی کا ہر میٹر اسٹریٹجک دباؤ میں بدل جاتا ہے۔
ہندوستانی سپاہیوں نے ایک illuminating round فائر کیا، جو ایک طرح کی وارننگ تھی۔ اس کا کوئی اثر نہیں ہوا۔ چینی آگے بڑھتے رہے۔ نروَنے نے ہندوستان کے سیاسی اور فوجی اسٹیبلشمنٹ کے لیڈروں کو لگاتار فون کرنا شروع کر دیا، جن میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈووال، چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت اور وزیر خارجہ ایس جے شنکر شامل تھے۔






