ہریانہ کے پلول میں ایک خاص منصوبہ کی شروعات ہوئی ہے، جس میں زخمیوں کو ایک خاص وقت میں اسپتال پہنچانے والے شخص کو انعام سے نوازا جائے گا۔ پلول میں ڈی آئی پی آر او بجیندر کمار نے بتایا کہ مرکزی حکومت کی وزارت برائے سڑک ٹرانسپورٹ و شاہراہ کے ذریعہ شروع کردہ ’راہ ویر‘ منصوبہ پلول میں بھی نافذ کر دیا گیا ہے۔
اس منصوبہ کے تحت کسی سنگین حادثہ میں زخمی شخص کو ’گولڈن آور‘ (ایک گھنٹے کے اندر) میں اسپتال یا ٹراما سنٹر میں پہنچا کر زخمی شخص کی جان بچانے والے مددگار شخص کو 25 ہزار روپے انعام دیا جائے گا۔ سنگین حادثات میں بڑے آپریشن، کم از کم 3 دن تک ہاسپیٹلائزیشن، برین انجری، اسپائنل کورڈ انجری وغیرہ شامل ہیں۔ اس منصوبہ کا مقصد حادثہ کے دوران زخمی ہوئے انسان کو وقت پر مدد کرنے کے لیے عام لوگوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
ڈی آئی پی آر او بجیندر کمار نے بتایا کہ موٹر گاڑی (ترمیم) ایکٹ 2019 کی دفعہ 134-اے اور حکومت ہند کی 29 ستمبر 2020 کے نوٹیفکیشن کے تحت ’راہ ویر‘ کو قانونی تحفظ بھی حاصل ہوگا۔ ہر سنگین سڑک حادثہ میں مدد کرنے والے کو 25 ہزار روپے کا انعام اور سرٹیفکیٹ دیا جائے گا۔ انھوں نے واضح کیا کہ اگر ایک راہ ویر (نیک شخص) موٹر گاڑی سے متعلق کسی سنگین حادثہ کے ایک یا ایک سے زائد متاثرین کی جان بچاتا ہے، تو انعام کی رقم محض 25 ہزار روپے ہوگی۔ اگر ایک سے زیادہ ’راہ ویر‘ (نیک شخص) موٹر گاڑی سے جڑے کسی سنگین حادثہ کے ایک متاثرہ کی جان بچاتے ہیں، تو انعام کی رقم، یعنی 25 ہزار روپے کی رقم ان کے درمیان یکساں طور پر تقسیم کی جائے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔