مدھیہ پردیش کے ریوا ضلع کے ایک مزار میں توڑ پھوڑ اور مذہبی جھنڈا لہرانے کے معاملے میں پولیس نے 4 ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس واقعہ کے بعد مسلم طبقے میں کافی ناراضگی تھی۔ گاؤں میں کشیدگی کی حالت بنی ہوئی ہے جس کے پیش نظر پولیس نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے 4 ملزمین کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کر دیا۔
یہ معاملہ ریوا ضلع کے گُڑھ تھانہ علاقے کا ہے۔ گورگی گاؤں میں جمعہ کی رات غازی میاں کے پرانے مزار پر کچھ شرارتی عناصر نے توڑ پھوڑ کرکے مذہبی جھنڈا لگا دیا تھا۔ سماج دشمن عناصر نے علاقے میں سماجی خیرسگالی کو مجروح کرنے کی کوشش کی تھی۔ ملزمین نے درگاہ کے باہر واقع چبوترہ، مزار کے اوپر کا گنبد، مینار، دروازہ اور مزار کے اندر بنے روضہ میں بھی توڑ پھوڑ کی تھی۔
ہفتہ کو جب مزار پر توڑ پھوڑ کی خبر مسلم طبقے کو ملی تو غصے کی لہر دوڑ گئی۔ بڑی تعداد میں مقامی لوگ جمع ہو گئے اور احتجاجی مظاہرہ کرنے لگے۔ پولیس اور انتظامیہ نے لوگوں کو پُرسکون کرایا اور انہیں یقین دلایا کہ قصوروں کو جلد سے جلد پکڑا جائے گا۔ پولیس نے درگاہ کے کیئر ٹیکر کی شکایت پر نامعلوم ملزمین کے خلاف معاملہ درج کر لیا۔ لوگوں نے سماج دشمن عناصر کو فوری طور پر گرفتار کرتے ہوئے کارروائی کا مطالبہ کیا۔
موقع پر پہنچی انتظامیہ نے ٹوٹے ہوئے مزار کی فوراً تعمیر شروع کروائی۔ اے ایس پی آرتی سنگھ نے بتایا کہ پولیس نے نامعلوم ملزمین کے خلاف معاملہ درج کرکے تلاشی مہم شروع کی تھی جس کے بعد اس معاملے میں 4 ملزمین کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمین میں سے ایک گاؤں کا ہی نوجوان بتایا جاتا ہے۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزمین نے شراب کے نشے میں مزار پر توڑ پھوڑ کی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔