
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے روسی تیل کی خریداری سے متعلق امریکہ کی جانب سے دی گئی عارضی رعایت کے معاملے پر مودی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے ہندوستان کی اسٹریٹجک خود مختاری اور قومی اقتدار اعلیٰ شدید خطرے میں پڑ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی خود مختار ملک کے لیے یہ مناسب نہیں کہ اسے اپنے توانائی کے فیصلوں کے لیے کسی دوسرے ملک سے اجازت لینی پڑے۔
ملکارجن کھڑگے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک طویل بیان میں کہا کہ امریکہ کی جانب سے ہندوستان کو 30 دن کی عارضی رعایت دے کر روسی تیل خریدنے کی اجازت دینا اس بات کی واضح علامت ہے کہ مودی حکومت مسلسل اپنی سفارتی قوت کھوتی جا رہی ہے۔





